پاکستان پاکستان24

چودھری نثار کا نواز شریف کو جواب

مارچ 22, 2018 2 min

چودھری نثار کا نواز شریف کو جواب

Reading Time: 2 minutes

چوہدری نثار علی خان نے نواز شریف اور مریم نواز کے بیان پر ردعمل جاری کیا ہے، قارئین کے لیے ذیل میں پیش کیا جا رہا ہے
٭٭٭
گذشتہ ایک سال سے میں نے بڑے صبر اور تحمل سے حالات اور معاملات کو برداشت کیا ہے اور کوشش کی ہے کہ کسی معاملے پر اس حد تک ردعمل نہ دوں جس سے پارٹی کو نقصان پہنچے۔
میں نے کافی حد تک اپنے آپ کو قومی سیاست سے الگ کر کے حلقے کی سیاست تک محدود کر لیا۔ مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ خاص طور پر پچھلے آٹھ دس مہینوں میں ایک مخصوص طرف سے میری ذات کو مختلف طریقوں سے نشانہ بنایا جاتا رہا۔ کبھی خود ساختہ لطیفے، کبھی طنزیہ جملے اور کبھی نہ ہونے والے واقعات کا حوالہ دے کر میری ذات کو نشانہ بنایا جاتا رہا۔ جب اور کچھ نہ بنا تو اپنے چند منظور نظر صحافیوں سے طے شدہ سوالات کراکے اشارۃً میری تضحیک کی کوششیں کی گئیں۔ اس کا واضح مہرہ تو صرف ایک شخص تھا جس کا نہ تو مسلم لیگ سے کوئی نظریاتی اور نہ ہی سیاسی ناطہ ہے۔ مگر کٹھ پتلی کبھی اپنی طاقت پر نہیں ناچتی۔
میاں نواز شریف کے گذشتہ دن پڑھے گئے شعر اور کلمات اور انکی بیٹی کے بیان نے مجھے مجبور کیا ہے کہ میں اپنا ردعمل دوں:-
میاں صاحب! احسان انسان نہیں کرتا، اللہ تعالیٰ انسانوں پر کرتا ہے۔ مگر آپ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ آپ نے لوگوں پر احسان کیے ہیں تو بہت سارے لوگوں نے آپ کو بھی اس مقام پر پہنچانے میں مدد اور احسان کیا ہوگا۔آپ کو ان کا بھی احساس اور احسان مند ہونا چاہیے۔
جہاں تک مریم نواز کا تعلق ہے تو اسکی تیز و تند زبان کی وجہ سے پارٹی ایک بند گلی میں جا رہی ہے۔ میں اس کی بات کا اسی پیرائے میں جواب دے سکتا ہوں مگر میرے دل میں اسکے خاندان کا آج بھی احترام ہے۔ اس لیے آج صرف منیر نیازی کے شعر کے ذریعے اتنا کہوں گا کہ
ادب کی بات ہے ورنہ منیر سوچو تو
جو شخص سنتا ہے، وہ بول بھی تو سکتا ہے
میں یہ بھی واضح کر دوں کہ میں نے اپنے اوپر یہ پابندی صرف آج کے بیان تک لگائی ہے اگر مہروں اور کٹھ پتلیوں کے ذریعے مجھ پر الزامات کا سلسلہ جاری رہا تو میں تفصیلی وضاحت کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔
چوہدری نثار علی خان۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے