پاکستان انڈیا میچ برابر
Reading Time: < 1 minuteدولت مشترکہ کھیل (کامن ویلتھ گیمز) 2018 میں ہاکی کے مقابلوں میں روایتی حریف پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلا گیا میچ دو، دو گول سے برابر ہو گیا ہے ۔ آسٹریلیا کے ساحلی شہر گولڈ کوسٹ میں ایک انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان نے اس میچ کے اختتامی لمحات میں واپسی کی اور میچ کو برابری پر ختم کیا ۔
میچ کے ابتدائی 30 منٹ انڈیا کے نام رہے جس میں اس نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے پاکستان کے خلاف برتری حاصل کر لی، تاہم میچ کے آخری نصف گھنٹے میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کیا اور دو گول کر ڈالے۔
انڈیا کی جانب سے پہلا گول دلپریت سنگھ نے میچ کے 13ویں منٹ پر کیا جس کے سات منٹ بعد ہی ہرمنپریت سنگھ نے انڈیا کی جانب سے دوسرا گول کر دیا۔ بی بی سی کے مطابق میچ کے 39 ویں منٹ تک تو بازی انڈیا کے ہاتھ میں ہی تھی لیکن محمد عرفان جونئیر نے 39 ویں منٹ میں ہی پاکستان کی طرف سے پہلا گول کر دیا ۔
اس کے بعد میچ کے اختتامی لمحات میں جب صرف سات سیکنڈ ہی بچے تھے علی مبشر نے پینلٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کو شکست سے بچا دیا ۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہاکی میچ کے بعد ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا۔
خیال رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اب تک دو میچز کھیل چکا ہے اور اس کے دونوں ہی میچ برابر رہے ہیں جبکہ انڈیا کا یہ پہلا میچ تھا۔