نااہلی فیصلہ بوجھل دل سے لکھا، ہائیکورٹ
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد ہائی کورٹ نے فل کورٹ کے فیصلے میں وزیر خارجہ کی نااہلی کے حکم کے بعد آخری اور طویل پیراگراف میں عدالت کی مجبوری بیان کی ہے ۔ جسٹس اطہر من اللہ کے تحریر کردہ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ یہ فیصلہ بوجھل دل کے ساتھ دیا گیا ہے ۔ پاکستان ۲۴ کے مطابق فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ ایک طرف ملک کے ایک بڑی سیاسی شخصیت کو نااہل کیا گیا جبکہ دوسری طرف اس حلقے کے تین لاکھ بیالیس ہزار ووٹرز کے خوابوں اور امنگوں کو بھی نقصان پہنچا ۔
فیصلے کے آخری دو صفحات پر پیراگراف ۳۳ میں عدالت نے سیاسی مقدمات عدالتوں میں لانے پر طویل بحث کی ہے اور سیاسی معاملات میں فیصلوں کو ناخوشگوار فریضہ قرار دیا ہے ۔ پاکستان ۲۴ کے مطابق عدالت نے لکھا ہے کہ سیاست دان اگر اپنے معاملات پارلیمان میں حل کر لیں تو عدالتوں کا ایسے مقدمات پر ضائع ہونے والا وقت بچے اور عام سائلین کے مقدمات پر ایسا وقت صرف ہو ۔