سیمنٹ فیکٹریاں پانی کے پیسے دیں
Reading Time: 2 minutesسپریم کورٹ نے چکوال کے علاقے میں کٹاس راج مندر کے تالاب کے خشک ہونے پر لیا گیا ازخود نوٹس نمٹا دیا ہے ۔ عدالت نے مندر کے قریب موجود سیمنٹ فیکٹریوں کو چھ ماہ میں متبادل پانی کا بندوبست کرنے کا حکم دیتے ہدایت کی ہے کہ سیمنٹ فیکٹریاں 2 ارب کی بنک سکیورٹی رجسٹرار کو جمع کرائیں گی ۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مقدمے کی سماعت کی ۔ عدالت میں بیسٹ وے سیمنٹ فیکٹری کے وکیل مخدوم علی خان پیش ہوئے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سیمنٹ فیکٹریوں کو دھواں کے اخراج کو کنٹرول کرنے کا بہترین سسٹم لگانا پڑے گا، سیمنٹ فیکٹریوں کو عالمی معیار کو مدنظر رکھنا ہوگا، اگر ضرورت پڑی تو عدالت دھواں کے اخراج کے سسٹم کو چیک کرائے گی ۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سیمنٹ فیکٹریوں سے علاقے میں آلودگی نہیں ہونی چاہیے، فیکٹریوں کی وجہ سے کٹاس راج مندر تالاب کے چشمے بند ہوگئے، مندر کے تالاب کا کیا ہوگا، سیمنٹ فیکٹریاں تالاب کو بھرنے کیلئے کام کریں ۔ وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ سیمنٹ فیکٹری تالاب کو بھرے گی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جن چشموں سے پانی تالاب میں آتا تھا وہ خشک ہوگئے، ان پانی کے چشموں کا کچھ کریں ۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کٹاس راج مندر ہندو برادری کے لیے بڑی مقدس جگہ ہے، ملک کے اندر اور باہر سے ہندو برادری مندر کے وزٹ کے لیے آتی ہے ۔
وکیل نے کہا کہ ماہرین سے تالاب کے خشک ہونے اور دوبارہ بھرنے سے متعلق ہدایات لیں گے ۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ سیمنٹ فیکٹری تالاب کے پانی کی سطح کو برقرار رکھے،متبادل پانی کا بندوبست ہونے تک حکومت پنجاب پانی کی قیمت وصول کرے گی، پانی کے استعمال کا ٹیرف طے ہونا ہے ۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ فیکٹریاں واٹر پمپ بند کریں گی تو علاقے میں پانی کی سطح بلند ہوگی ۔ درخواست گزار نے کہا کہ سیمنٹ فیکٹریوں کی وجہ سے چکوال کے دیگر چشمے بھی خشک ہوگئے ہیں ۔
چیف جسٹس نے کہا کہ تالاب کو بھرنے کے لیے نیچرل واٹر ہی آنا چاہیے، متروک وقف املاک کا چئیرمین اقلیتی برادری سے ہونا زیادہ بہتر ہے، عدالت اس حوالے سے آبزرویشن دے چکی ہے، ہم مسلمان یہاں اکثریت میں ہیں، اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، کرشنگ کی وجہ سے علاقہ میں پانی کے سوکھنے کی شکایت ملی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پانی کی نیچرل قلت کا بھی ایشو ہے ۔
عدالت نے سیمنٹ فیکٹریوں کو چھ ماہ میں متبادل پانی کا بندوبست کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سیمنٹ فیکٹریاں 2 ارب کی بنک سکیورٹی عدالت میں جمع کرائیں گی ۔ سپریم کورٹ نے کٹاس راج مندر تالاب کیس نمٹا دیا ۔