نیشنل سیکورٹی کا اجلاس
Reading Time: 2 minutesوزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کے دو ٹوک موقف پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان خطے اور عالمی امن کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا _
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا جس مین چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، داخلہ، دفاع، خارجہ امور کے وزراء سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی_
اجلاس کے دوران کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے موقف پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیز نے آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان اصلاحات پر بریفنگ دی، کمیٹی نے سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا اور اتفاق رائے سے آزاد جموں و کشمیر اور اور گلگت بلتستان کی حکومت کو مالی خودمختاری کے حوالے سے امور کاجائزہ لیا اور کشمیر کونسل اور گلگت بلتستان کونسل کی ایڈوائزری باڈیز برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ گلگت بلتستان کو ترقی میں پاکستان کے دیگر علاقوں کے مساوی لانے کے لئے پانچ سال کی ٹیکس چھوٹ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا _
اجلاس میں فاٹا اصلاحات اور فاٹا انضمام کے حوالے سے امور کا جائزہ بھی لیا گیا اور اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس حوالے سے سیاسی جماعتوں سے ہونے والی مشاورت سے کمیٹی کا آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخواہ میں فاٹا کے انضمام کے حوالے سے وسیع البنیاداتفاق پایا جاتا ہے کمیٹی نے فاٹا کے جلد سے جلد انضمام پر زور دیا اور اسکے لئے متعلقہ وزارتوں کو جلد کام مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ کمیٹی نے زور دیا کہ آئندہ دس سال کے لئے فاٹا کے ترقیاتی فنڈز یقینی بنائے جائیں اور اس بات کو مدنظر رکھا جائے کہ یہ کہیں اور استعمال نہ ہوں اجلاس میں وزارت داخلہ نے سیاحو سمیت دیگر پاکستان آنے والے افراد کےلئے ویزا پالیسی کے حوالے سے بریف کیا کمیٹی نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے تفصیلی تجاویز آئندہ اجلاس میں پیش کرے، کمیٹی کو خارجہ امور کی طرف سے علاقائی اور عالمی سیکیورٹی چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی اور کمیٹی نے واضح کیا کہ پاکستان خطے سمیت دنیا بھر میں امن و سلامتی کےلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا _