پاکستان پاکستان24

افضل کوہستانی سے جڑا ”غیرت کے نام پر ایک اور قتل“

اس بار 21 برس کے نوجوان کے قتل کا الزام افضل کوہستانی کے بھائی پر لگا کر کہا گیا ہے کہ مقتول کے افضل کی بیوہ سے تعلقات تھے۔

مئی 26, 2019

افضل کوہستانی سے جڑا ”غیرت کے نام پر ایک اور قتل“

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں لڑکیوں کے قتل کو بے نقاب کرنے والے مقتول افضل کوہستانی کے بھائی گل نذر پر ’غیرت کے نام پر قتل‘ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ضلع بٹگرام کے پولیس افسر (ڈی پی او) کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تھانہ بنہ الائی کے علاقے میں 21سالہ نوجوان محمد وقار کو سنیچر کو دن دو بجے قتل کیا گیا جس کے بھائی نے گل نذر کو ملزم نامزد کیا ہے۔

درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق مدعی سلیمان ولد شیر ولی نے پولیس کو بتایا کہ اس کا چھوٹا بھائی محمد وقار رشتہ داروں کے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں گل نذر ولد تارنگ نے اس کی گاڑی روک کر فائرنگ کرکے قتل کیا۔

مدعی سلیمان کے مطابق ان کے بھائی وقار کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا ہے اور ملزم  شبہ تھا کہ ’مقتول وقار کے افضل کوہستانی کی بیوہ حرا سے تعلقات ہیں۔‘

پولیس کے مطابق ملزم اور مقتول آپس میں خالہ زاد بھائی ہیں۔

یاد رہے کہ افضل کوہستانی اور ان کے تین بھائیوں کو لڑکیوں کی ڈانس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد قتل کیا جا چکا ہے۔افضل کوہستانی نے اپنے قتل سے قبل کئی بار یہ بات کی تھی کہ علاقے میں غیرت کے نام پر کسی کو بھی الزام لگا کر قتل کر دیا جاتا ہے اور اس طرح ان کے خاندان کو بھی خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے