خان کا امریکی دورہ کیسے اور کیوں؟
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے امریکہ پہنچنے پر ان کے استقبال کے لیے کسی عہدیدار کے نہ آنے پر سفارتی حلقوں میں سوال اٹھایا جا رہا کہ کیا یہ دورہ صدر ٹرمپ کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
سنیچر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات گئے قطر ایئر ویز کے ذریعے امریکہ پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا ہوائی اڈے پر وزیر خارجہ شاہ محمود اور امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔
پاکستان کے اعلیٰ حکام کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات طے کرانے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نےاہم کردار ادا کیا ہے۔
ذرائع ابلاغ نے سنیچر کو خبر دی تھی کہ عمران خان کے امریکی دورے کے لیے محمد بن سلمان نے صدر ٹرمپ کے مشیر اور داماد کشنر سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وقت حاصل کرنے میں مدد کی تاہم تفصیل بتانے سے انکار کیا ہے۔
پاکستان میں سوشل میڈیا پر یہ سوال شدت سے پوچھا جا رہا ہے کہ اس دورے کا مقصد کیا ہے۔
خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور فوجی ترجمان آصف غفور بھی امریکہ میں ہیں۔
دوسری طرف پاکستان نے واشنگٹن میں لابنگ فرم سے معاہدہ بھی کیا ہے جس کے تحت لاکھوں ڈالر کے عوض پاکستانی مؤقف کو اجاگر کرنے کے لیے لابنگ کی جائے گی۔


