’ایمرجنسی سماعت‘ کے بعد عبوری ضمانت منظور
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی اور طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے دائر درخواست کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ’ایمرجنسی سماعت‘ ہوئی ہے جس کے اختتام پر عدالت نے منگل تک عبوری ضمانت منظور کی۔
ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم، وزیراعلٰی اور چیئرمین نیب سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کا فیصلہ کریں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن کیانی پر مشتمل ڈویژنل بینچ کو ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب نے بتایا کہ چیئرمین نیب کو ضمانت دینے پر کوئی اعتراض نہیں۔
سنیچر کی صبح مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جانب سے فوری سماعت کی درخواست کی گئی جس کے لیے لیگی رہنما عطا تارڑ عدالت پہنچے۔
لاہور کے سروسز ہسپتال میں نواز شریف کا علاج کرنے والی طبی ٹیم اور شہباز شریف کے قریب سمجھے جانے والے لیگی رہنماؤں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم کو گذشتہ رات ہارٹ اٹیک ہوا ہے۔
ہائیکورٹ نے نوازشریف کی بگڑتی ہوئی طبیعت کے پیش نظر آج ہی سماعت کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کی گئی۔
درخواست پر سماعت 12:15 بجے شروع ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ سماعت کر رہا ہے۔
گذشتہ روز عدالت نے سماعت منگل تک کے لیے ملتوی کی تھی۔
ڈویژنل بینچ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جسٹس عامر فاروق کے چھٹی پر ہونے کے باعث انہیں بینچ میں شامل نہیں کیا گیا۔