’جنرل باجوہ کی ملازمت میں توسیع کے خلاف یوم سیاہ‘
پاکستان میں وکیلوں کی سب سے بڑی تنظیم پاکستان بار کونسل نے حکومت کی جانب سے ملک کے فوجی سربراہ کو مدت ملازمت میں توسیع دینے کے فیصلے کے خلاف 28 نومبر کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو ملازمت کی مدت میں توسیع کے حکومتی فیصلے کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ملک کے قانون سے متعلق طبقے نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت کی ہے۔
پاکستان بار کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’حکومتی فیصلے کے خلاف 28 نومبر کو ملک بھر میں وکلا یوم سیاہ منائیں گے اور پورا دن ہڑتال کی جائے گی۔‘
بیان کے مطابق ’اس غیر ضروری اور غیر منصفانہ فیصلے کے خلاف وکلا یوم سیاہ کے دن بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھیں گے اور بار رومز میں احتجاجی اجلاس منعقد کریں گے۔‘
پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع دینے کا اعلان کیا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے نومبر سنہ 2016 میں آئین کے تحت تین سال کے لیے آرمی چیف مقرر کیا تھا جن کی مدت سات دن بعد ختم ہو رہی ہے۔

