نیوز ون میں پانچ ماہ کی تنخواہ نہ ملی، کارکن کی ہارٹ اٹیک سے موت
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں نجی ٹی وی چینل نیوز ون میں کارکنوں کی پانچ ماہ کی تنخواہ ادا نہ کیے جانے پر کراچی ہیڈ آفس میں کام بند کر دیا گیا ہے اور یونین سے وابستہ صحافیوں نے دفتر کے باہر دھرنا دیا ہے۔
کراچی میں نیوز ون سے وابستہ ایک صحافی ایس ایم عرفان منگل کی صبح حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔ مرحوم کی پانچ ماہ کی تنخواہ ادارے کے ذمے واجب الادا ہے۔
سوشل میڈیا پر مرحوم ایس ایم عرفان کی واٹس ایپ چیٹ کے سکرین شاٹس شیئر کیے جا رہے ہیں جس میں انہوں نے ایک دوست کو تنخواہ کے انتظار کی میم بھیجی تھی۔
نیوز ون ایئر ویوز میڈیا کا چینل ہے جس کے پاس ٹی وی ون، سرائیکی زبان کا چینل وسیب اور ایڈورٹائزنگ ایجنسی انٹر فلو بھی ہے۔ اس گروپ کے مالک طاہر اے خان ہیں جبکہ ان کی اہلیہ سیما طاہر ڈائریکٹر ہیں۔
نیوز ون ٹی وی نے لاہور اور اسلام آباد میں بھی کارکنوں کو چار ماہ کی تنخواہ نہیں دی۔