وہ تصویر جس نے نئی بحث کو جنم دیا
Reading Time: 2 minutesپاکستان میں تجزیہ کار نجم سیٹھی کی صاحبزادی میرا سیٹھی کی شادی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس کے بعد تحریک انصاف کی حکومت کی وزیر زرتاج گل پر تنقید ہو رہی ہے تاہم ایک لاکھ سے زائد فالوورز والی ٹوئٹر آئی ڈی کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے وہ جعلی ہے۔
زرتاج گل کے ایک اکاؤنٹ کے فالوورز سات لاکھ سے زائد ہیں اور انہوں نے ٹویٹ کیا ہے کہ جس تصویر کی وجہ سے ان سے نجم سیٹھی نے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے وہ جعلی اکاؤنٹ ہے۔
سوشل میڈیا صارفین یہ سوال بھی اٹھا رہے ہیں کہ کیا ایک وزیر کے لیے اپنے نام سے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بند کرانا کتنا مشکل ہے اور وہ بھی اسے حالات میں جب حکومت پاکستان کی جانب سے سرکاری طور پر اپنے ناقد تجزیہ کاروں اور صحافیوں کے ٹویٹس کی ٹوئٹر حکام سے شکایت کی اور ان کو ایسی ٹویٹس ڈیلیٹ کرنا پڑیں۔
زرتاج گل کے نام سے بنے ایک لاکھ فالوورز والے اکاؤنٹ سے مخالف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور حکومتی ناقدین کی تصاویر شیئر کرکے غلط معلومات پھیلائی جاتی ہیں۔
میرا سیٹھی کی شادی کی اس تصویر میں ان کے بھائی علی سیٹھی بہن کو رخصت کرتے ہوئے ان کے چہرے پر بوسہ دے رہے ہیں۔
زرتاج گل کی ایک لاکھ فالوورز والی ٹوئٹر آئی ڈی سے اس تصویر کو شیئر کر کے لکھا گیا ہے کہ ’بوسہ لینے والا میرا سیٹھی کا دوست ہے۔‘
اس تصویر پر ہزاروں سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کیے ہیں جن میں سے زیادہ تر نے اس کی تصدیق کرنے کی کوشش نہیں کی کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ اصلی ہے یا نہیں۔ اور کیا تصویر میں بوسہ لینے والا میرا سیٹھی کا بھائی ہے یا کوئی اور۔
پاکستان میں تحریک انصاف سے وابستہ لاکھوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے سیاسی مخالفین اور ناقدین پر الزامات لگائے جاتے ہیں۔
تحریک انصاف کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایسے صارفین کے ہزاروں اکاؤنٹس کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں اور سرکاری محکموں نے بھی اپنے سوشل میڈیا ونگز تشکیل دیے ہیں اور عام صارفین کے لیے ان کے جعلی یا اصل میں شناخت کرنا ممکن نہیں رہا۔