’چھ ماہ تک ’ایکسٹینشن‘ پر ٹی وی مباحثے بند‘
Reading Time: 2 minutesپاکستان میں نجی ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگلے چھ ماہ تک خبروں، مباحثوں اور مذاکروں میں فوج کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع کو موضوع بنانے سے اجتناب کیا جائے۔
پاکستان ٹوئنٹی فور کو تین ٹی وی چینلز کے نیوز ڈائریکٹرز اور پرگرامز ہیڈ نے تصدیق کی ہے کہ ان اس قسم کی ہدایات ملی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ سے پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ملازمت کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع ملنے کے بعد ملک میں الیکٹرانک میڈیا کی اتھارٹی کے سربراہ نے مقتدر حکام کی ہدایات ملنے کے بعد نجی ٹی وی چینلز مالکان کی تنظیم پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے صدر سے رابطہ کرکے ’درخواست‘ کی کہ اب اس موضوع پر خبریں اور ’ٹاک شوز‘ بند ہونے چاہئیں۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے ڈائریکٹر نیوز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان کو براہ راست بھی اس طرح کی ہدایات ملی ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ مالکان نے بھی خبروں میں ’متنازع‘ مواد سے اجتناب کے لیے کہا ہے۔
سنیچر کی رات جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں سابق آرمی چیف جنرل اسلم بیگ کے انٹرویو کا روکا جانا بھی اسی سلسلے کی کڑی بتایا جا رہا ہے۔
جنرل ریٹائرڈ اسلم بیگ نے انٹرویو کو پہلا دس منٹ کا حصہ نشر کیے جانے کے بعد جب اشتہارات کے لیے وقفہ لیا گیا تو ’جرگہ‘ پروگرام کا بقیہ حصہ نہ چلایا گیا۔
تجزیہ کار مرتضیٰ سولنگی نے اس بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے پروگرام کے میزبان سلیم صافی کو ٹیگ بھی کیا ہے تاہم اینکر سلیم صافی نے انٹرویو بند کیے جانے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ٹی وی ٹاک شوز میں ریٹائرڈ فوجی افسران تجزیہ کار کے روپ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں تاہم ایک ٹی وی ٹاک شو کے اینکر نے بتایا کہ اس کے لیے بھی پہلے سے فہرست دی جاتی ہے کہ کس ریٹائرڈ فوجی افسر کو پروگرام میں دعوت دی جا سکتی ہے اور کون ’بلیک لسٹ‘ ہے۔