مفرور مشرف کی جائیداد قرقی، تفتیشی افسر کے وارنٹ جاری
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیربھٹو کے قتل کیس میں ملزم پرویز مشرف کی نئی جائیدادوں کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر انسداد دہشتگردی عدالت نے مقدمے کے تفتیشی آفیسر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
پیر کو راولپنڈی میں سابق وزیراعظم کے قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شوکت کمال ڈار نے کی۔ سماعت کے دوران مقدمے کے تفتیشی آفیسر انسپکٹر عظمت عدالت پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور انسپکٹر ایف آئی اے عظمت کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں نو دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔
سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے ملزم پرویز مشرف کی سامنے آنے والی نئی جائیدادوں کی تفصیلات عدالت پیش نہ کی گئیں،عدالت نے استغاثہ کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ملزم کی جائیدادوں کی مکمل تفصیلات عدالت پیش کی جائیں۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ دس سال سے زیر سماعت ہے اور مشرف کو مفرور قرار دیا جا چکا ہے جس کے بعد ان کی جائیداد قرقی کے لیے کارروائی جاری ہے تاہم تفتیشی ادارے دو سال سے ملزم کے اکاؤنٹس اور جائیداد کی مکمل تفصیلات عدالت کو فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔