بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے، مریم نواز
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکلوانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔
دائر درخواست میں 6 ہفتوں کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگی گئی ہے۔ مریم نواز چودھری شوگر ملز کیس میں ضمانت پر رہا ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں دی گئی درخواست میں مریم نواز نے وزارت داخلہ، ایف آئی اے، چئیرمین نیب اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کک العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے باوجود بیرون ملک سے والد کے ساتھ واپس آئی، سنے بغیر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔
درخواست گزار مریم نواز کے مطابق ای سی ایل میں نام شامل کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے، عدالتوں میں مسلسل پیش ہوتی رہی ہوں، مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کی درخواست کے حتمی فیصلے تک بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے جبکہ نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔