جسٹس وقار سیٹھ کے حق میں ریلی
ایک ایسے وقت میں جب خصوصی عدالت سے سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں سزائے موت کا فیصلہ آیا اور ملک کے بڑے شہروں کی شاہراؤں پر مجرم کے حق میں اور عدلیہ کے خلاف بینرز لگائے جا رہے ہیں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے فیصلہ لکھنے والے جسٹس وقار احمد سیٹھ کے حق میں ریلی نکالی ہے۔
پشاور میں نکالی گئی اس ریلی میں جسٹس وقار احمد سیٹھ کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ سابق فوجی حکمران کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
ریلی میں چند درجن افراد نے شرکت کی اور شرکا پرجوش دکھائی دیے کہ ملک میں آئین و قانون کی فتح ہوئی ہے۔
پاکستان کے ذرائع ابلاغ نے پشاور میں عدلیہ کی حمایت میں نکالی گئی اس ریلی کو رپورٹ نہیں کیا۔
خصوصی عدالت نے 17 دسمبر کو پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ سنایا تھا جس پر پاکستان کی فوج کے ترجمان اور حکومت نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور فیصلہ لکھنے والے جسٹس وقار احمد سیٹھ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کیا۔

