پاکستان24

بی آر ٹی تحقیقات روکنے کے لیے آرڈیننس جاری

دسمبر 27, 2019 2 min

بی آر ٹی تحقیقات روکنے کے لیے آرڈیننس جاری

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں احتساب کے قانون کو صدارتی آرڈیننس کے ذریعے تبدیل کر دیا ہے اور قانونی ماہرین کے مطابق اب قومی احتساب بیورو (نیب) پشاور کی بس ریپڈ ٹرانسپورٹ (بی آر ٹی)، سوات کے مالم جبہ ریزارٹ منصوبے اور عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی تفتیش نہیں کر سکے گا۔

صدر مملکت کی منظوری کے بعد نیب ترمیمی آرڈیننس کا نوٹیفکیشن وزارت قانون نے جاری کیا ہے جس کے مطابق ٹیکس، لیوی سے متعلق معاملات نیب کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں اور اب ٹیکسوں اور لیوی ادا نہ کرنے کی تمام انکوائریاں متعلقہ فورمز کو منتقل کی جائیں۔

صدارتی آرڈیننس کے تحت نیب اب احتساب عدالتوں سے ٹیکس کے تمام مقدمات متعلقہ عدالتوں کو منتقل کرے گی جبکہ بدانتظامی پر عوامی عہدہ رکھنے والوں کے خلاف نیب کارروائی نہیں کر سکے گا۔

قانون میں ترمیم کے بعد احتساب بیورو اب عوامی عہدہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی صرف مالی فوائد اٹھانے کے شواہد ملنے پر کر سکے گا اور مالی فائدہ اٹھانے تک اختیارات کے ناجائز استعمال کا کیس بھی نہیں بنا سکے گا۔

صدارتی آرڈی ننس کے ذریعے قومی احتساب بیورو یا نیب قانون میں یہ ترمیم جمعے کو اس وقت کی گئی جب یہ افواہیں سامنے آ رہی تھیں کہ حکومت کی بعض اہم شخصیات کی گرفتاری اور ان کے خلاف ریفرنسز فائل کیے جانے کا امکان ہے۔

ترمیم آرڈی ننس کے مطابق کسی منصوبے میں محکمانہ نقائص کی بنیاد پر نیب سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی نہیں کر سکے گا۔ صدارتی آرڈی ننس کے بعد اب ٹیکس، سٹاک ایکسچینج اور آئی پی اوز میں بدعنوانی کی شکایات پر وفاقی بورڈ آف ریونیو یا ایف بی آر ہی کارروائی کر سکے گا۔

جمعے کو کراچی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے تقریب میں شریک بعض افراد کی جانب اشارہ کر کے کہا کہ ’یہاں میرے کچھ دوست بیٹھے ہیں جن کو نیب بلا رہی تھی۔ آج ان کو خوشی ہوگی اور ان کو مبارک باد دیتا ہوں کہ اب نیب کسی بزنس مین کو تنگ نہیں کرے گی۔ ہم نے آرڈی ننس جاری کر دیا ہے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ  لوگ بار بار کہتے ہیں کہ پچھلوں کی بات نہ کریں بلکہ اپنی بات کریں کہ آپ نے کیا کیا لیکن انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں سوئیڈن کی معیشت نہیں ملی تھی، ہم اپنی کارکردگی بھی دکھاتے رہیں گے اور 2023 تک آپ لوگوں کو بھولنے نہیں دوں گا کہ ہمیں کیسا پاکستان ملا تھا تاکہ لوگ موازنہ کرسکیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے