پاکستان24

’پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے‘

جنوری 5, 2020

’پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے‘

ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کی امریکہ حملے میں ہلاکت کے بعد کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ خطے کے حالات میں تبدیلی ہوئی ہے اور پاکستان علاقے میں امن خراب کرنے والے کسی عمل کا حصہ بنے گا نہ اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت دے گا۔

فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہر وہ کام کیا جس سے خطے میں امن قائم ہو اور آئندہ بھی خطے میں امن کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

نجی ٹی ویژن چینل ’اے آر وائی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہ افواج پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ ’عراق میں ایرانی جنرل کے قتل کے بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات چیت کی جس میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان سے کہا کہ خطے میں حالات کشیدگی کی طرف جائیں گے اور ملکوں کو علاقے میں تناؤ کرنا چاہیے۔‘

میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف نے امریکی وزیر خارجہ سے کہا کہ افغان امن عمل پر توجہ مرکوز رکھی جائے اور وہاں مصالحت میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔

 ’پاکستان کی خطے میں اہم حیثیت ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کی کوشش ہے کہ خطے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔‘

فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ انڈیا جس راستے پر چل رہا ہے وہ اسے تباہی کی طرف لے جائے گا۔ انڈیا کے نئے آرمی چیف اپنی جگہ بنانے میں مصروف ہیں، انہیں پاک فوج کی صلاحیتوں کا ادراک ہے۔ انڈیا کے خلاف پاک فوج نے قابل فوج ہونے کا ثبوت دیا ہے۔‘

’افواج پاکستان ملک کا دفاع کرنا جانتی ہیں، نائن الیون کے بعد ہمیں افغان جنگ کا سامنا رہا۔ ہم نے اپنے ملک میں دہشت گردی کو شکست دی اور بہت قربانیوں کے بعد امن حاصل کیا۔‘

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں، انڈیا افواہیں پھیلانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر جانے مانے لوگ بھی باتیں کر رہے ہیں۔ عوام اور میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ صرف مصدقہ ذرائع کی خبر پر توجہ دیں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے