پوری آبادی کے ٹیسٹ کرانے والا ملک
Reading Time: < 1 minuteلکسمبرگ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک کی تمام آبادی کے کورونا وائرس ٹیسٹ کرائے گی تاکہ وبا کو ختم کیا جا سکے۔
چھ لاکھ آبادی والے اس ملک میں کورونا وائرس کے تین ہزار 729 تصدیق شدہ کیسز ہیں جبکہ 88 افراد اب تک جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
لکسمبرگ میں اب تک 20 ہزار سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ حکومتی اعلان کے مطابق ایک ماہ میں پوری آبادی کے ٹیسٹ مکمل کر لیے جائیں گے اور یوں مئی کے اختتام پر عالمی وبا کے متاثرین کی مکمل معلومات سامنے آ جائیں گے۔
وزیر تحقیق اور تعلیم کلاڈ مائشچ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میڈیا کو اپنی حکومت کی حکمت عملی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ‘ہم ایک ماہ کے دوران ملک کی پوری آبادی کا کورونا ٹیسٹ کریں گے۔’
اس پروگرام پر 40 ملین یورو کے اخراجات آئیں گے۔
حکومت نے آئندہ ماہ سکول کھولنے کی تیاریوں کے سلسلے میں طلبہ اور اساتذہ کو ٹیسٹنگ سٹیشنز پر مدعو کیا ہے۔
ہنگامی ٹیسٹ پروگرام کے سربراہ پروفیسر الف نہرباس نے کہا کہ ہر شہری اپنا ٹیسٹ کرائے کیونکہ یہ آئندہ آنے والے وقت میں ہمارے آزادانہ طور پر رہنے کے لیے آپ کی جانب سے بہت اہم شراکت ہوگی۔
لکسمبرگ یورپ کا رقبے کے لحاظ سے چھوٹا ملک ہے جس کی سرحدیں فرانس، جرمنی اور بیلجیئم سے ملتی ہیں۔