دنیا میں 40 لاکھ سے زائد وائرس متاثرین
Reading Time: 2 minutesعالمی وبا کورونا وائرس سے بے حال دنیا میں مریضوں کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
اتوار کو امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 40 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جن میں سے 13 لاکھ نو ہزار 500 صرف امریکی ہیں۔
دوسری جانب امریکہ میں ادویات بنانے کی اجازت دینے والے ادارے ’فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن‘ نے وائرس کی فوری تشخیص کے لیے نئے ’اینٹی جن ٹیسٹ‘ کی ہنگامی بنیادوں پر منظوری دی ہے۔
یہ ٹیسٹ کائڈل کارپورشن نامی کمپنی نے تیار کیا ہے اور اس کے ذریعے منٹوں میں وائرس کی تشخیص ممکن ہے۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ٹیسٹ ’کورونا وائرس کے خلاف کی جانے والی کوششوں میں بہت اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ دیگر ٹیسٹس کے مقابلے میں اس کا خرچ بہت کم ہے، اور اگر دوسری کمپنیاں بھی سامنے آتی ہیں تو روزانہ لاکھوں امریکیوں کے کورونا ٹیسٹس کیے جا سکتے ہیں۔
ادھر جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق وائرس سے اب تک دنیا میں دو لاکھ 79 ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ ہلاکتوں میں بھی امریکہ پہلے نمبر پر ہے جہاں 78 ہزار 794 اموات ہوئی ہیں۔
برطانیہ میں 31 ہزار 662 جبکہ اٹلی میں 30 ہزار 395 اموات سرکاری طور پر ریکارڈ کی گئیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق سپین میں 26 ہزار 435 جبکہ فرانس میں 26 ہزار 325 افراد وائرس کا شکار ہونے کے بعد ہلاک ہوئے۔
پہلے پانچ ملکوں کے بعد ہلاکتوں میں برازیل چھٹے نمبر پر ہے جہاں دس ہزار 600 سے زائد شہری موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ بلیجیم میں اب تک آٹھ ہزار 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
جرمنی میں سات ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
متاثرین میں امریکہ کے بعد سپین سرفہرست ہے جہاں دو لاکھ دس ہزار سے زائد افراد زیر علاج ہیں۔