بلندی پر میراتھون کا گنیز ورلڈ ریکارڈ پاکستان کے نام
Reading Time: < 1 minuteسطح سمندر سے سب سے زیادہ اونچائی پر میراتھون کا گنیز ورلڈ ریکارڈ پاکستان کے نام درج ہو گیا ہے۔
گینز ورلڈ ریکارڈ نے پاکستان کو دنیا میں سطح سمندر سے سب سے زیادہ اونچائی پر میراتھون کرانے پر سند جاری کردی۔
ونٹر اسپورٹس فیڈریشن پاکستان، پاک فضائیہ ، سرینا ہوٹلوں اور زی ایڈوینچرز کے زیراہتمام خنجراب پاس پر 4،693 میٹر اونچائی کے سات گذشتہ سال ستمبر میں یہ روڈ میراتھون کرائی گئی تھی۔
موسم سرما کے کھیل تو پاکستان میں کئی سال سے ہورہے ہیں تاہم یہ میراتھون پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے حال ہی میں شروع کی گئی جس میں موسم سرما کے کھیلوں کے شائقین، دنیا بھر کے ایتھلیٹ اور مقامی افراد نے دلچسپی لی.
پاکستان کی سیاحت کی صنعت میں کام کرنے والی کمپنیوں اور ایجنسیوں نے اپنی امید ظاہر کی ہے کہ اس ریکارڈ ساز میراتھون کی وجہ سے پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیاحت کو فروغ ملے گا.
سیاحت کی ایک ایجنسی سلک روڈ پاکستان ٹورز کے سربراہ عبید رحمان کہتے ہیں کہ پاکستان دنیا بھر سیاحوں کو راغب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے تاہم اس سلسلے میں حکومت کو سرما کا کھیلوں کا سیزن شروع ہونے سے پہلے ضروری اقدامات اٹھانا ہوں گے۔
