پاکستان پاکستان24

صادق سنجرانی تحریک انصاف کے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار نامزد

مارچ 4, 2021

صادق سنجرانی تحریک انصاف کے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار نامزد

پاکستان کی پارلیمان کے ایوان بالا سینیٹ کے چیئرمین کے لیے وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اس حوالے سے اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعظم آج قوم سے خطاب اور سنیچر کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ہم ایک نئی روایت قائم کر رہے ہیں۔ اور نئے جمہوریت کلچر کو فروغ دے رہے ہیں۔ جمہوریت اخلاقی اقدار پر چلتی ہے۔‘

اسلام آباد سے تحریک انصاف کے سینیٹ کی نشست پر امیدوار حفیظ شیخ کی اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی سے شکست کے بعد وزیراعظم نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے 342 کے ایوان میں 169 ووٹ حاصل کیے جبکہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سات ووٹ مسترد کیے گئے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’اپوزیشن والے ووٹ خریدنے والوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ہم سینیٹ میں سب سے بڑی پارٹی بن گئے ہیں، ہم قومی اسمبلی میں پہلے ہی سب سے بڑی جماعت ہیں۔‘

صادق سنجرانی گزشتہ تین سال سے سینیٹ کے چیئرمین ہیں اور ان کے خلاف عدم اعتماد کی ایک تحریک بھی ناکام ہو چکی ہے۔

بدھ کی شام پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ کی اسلام آباد سے نشست جیتنے کے بعد یوسف رضا گیلانی کو پی ڈی ایم کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے