پاکستان پاکستان24

مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

مارچ 13, 2021

مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

پاکستان میں احتساب کے قومی ادارے (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کی ضمانت کی منسوخی کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے اور عدالت نے درخواست فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔

نیب کی چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت خارج کرنے کی درخواست گزشتہ روز دائر کی تھی۔

نیب کی جانب سے دائر درخواست میں مریم نواز اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے نیب کے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ پیر 15 مارچ کو سماعت کرے گا۔

نیب کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز لاہور ہائی کورٹ سے چوہدری شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پررہا ہیں اور وہ  اپنی ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

نیب نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ مریم نوازکے خلاف چوہدری شوگرملز سمیت دیگر انکوائریز جاری ہیں لیکن وہ ضمانت پر رہا ہونے کے باوجود نیب سے تحقیقات میں تعاون نہیں کررہیں۔

نیب کے مطابق مریم نوازکو چوہدری شوگر ملز کیس میں دستاویزات طلبی کے لیے  10 جنوری 2020 کو نوٹس بھجوائے گئے تھے۔

درخواست کے مطابق انہوں نے نیب نوٹسز کا کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی مطلوبہ ریکارڈ فراہم کیا جس کے بعد انہیں دستاویزات فراہم نہ کرنے پر 11 اگست 2020 کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا  لیکن اگست 2020 میں مریم نواز نے اپنی سیاسی طاقت کا استعمال کیا اور نیب آفس پر حملہ کروایا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ مریم نواز پیش نہ ہو کر نیب کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں لہٰذا ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر  و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست ان کی زبان بندی کی کوشش ہے۔

سنیچر کو میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ نہ حکومت نے بات کی نہ کسی ادارے نے  لیکن تکلیف ہے تو چیئرمین نیب کو ہے۔

’یہ سارے تماشے زباں بندی، ہراساں اور دھمکانے کی کوشش ہیں۔‘

شاہد خاقان نے کہا کہ مریم نواز  اگر اداروں کےخلاف بات کرتی ہیں تو ادارے کارروائی کرسکتے ہیں، نیب چیئرمین سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں ان کو قانون کا پتا ہے، نواز شریف کی اداروں کے نام کی ویڈیو میں نے نہیں دیکھی، نیب کا اس بات سے تعلق نہیں کہ مریم نواز حکومت کے خلاف بات کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے عدالت اس پٹیشن پر نیب پر جرمانہ عائد کرے گی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے