زرداری نے نواز شریف کو واپس آنے کا کیوں کہا؟
پاکستان میں اپوزیشن اتحاد ڈیموکریٹک موومنٹ کے لانگ مارچ ملتوی کرنے اور اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پر اختلافات سامنے آنے پر پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے گزشتہ روز کے اجلاس میں زرداری نے جو کہا وہ حکومت پر دباؤ بڑھانے کی سٹریٹیجی کا حصہ تھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں پہلی مرتبہ استعفوں کو لانگ مارچ سے جوڑا گیا۔اس سے پہلے یہ نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے نواز شریف کے وطن واپس آنے کے بیان سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ’ہم اپنے تجربے پر بات کرتے ہیں کسی کو تکلیف دینے کے لیے بات نہیں کرتے۔ حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے زرداری صاحب کو جو بہتر لگا وہ کہا۔‘
شازیہ مری نے کہا کہ ’اگر زرداری صاحب کی بات کسی کوقبول نہیں تو وہ ان کی رائے ہے، ہر شخص کو رائے کا حق حاصل ہے۔‘
خیال ہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کے اجلاس میں سابق صدر آصف زرداری سے یہ بات منسوب کی گئی کہ انہوں نے اسمبلیوں سے استعفوں اور لانگ مارچ کے لیے سابق وزیراعظم نواز شریف کو وطن واپس آنے اور تحریک کی قیادت کرنے کے لیے کہا تھا۔
پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ کسی کو ان کے والد کی واپسی کے مطالبے کا حق نہیں۔
اس سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ استعفوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے فیصلے تک 26 مارچ کا لانگ مارچ ملتوی کر دیا گیا۔

