پاکستان پاکستان24

نیب کا مریم نواز کو طلب کرنے کا نوٹس واپس

مارچ 25, 2021

نیب کا مریم نواز کو طلب کرنے کا نوٹس واپس

پاکستان میں احتساب کے قومی ادارے نیب نے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو دو مقدمات میں جمعے کو پیش ہونے کے لیے جاری کیے گئے نوٹس واپس لے لیے ہیں۔

جمعرات کی شام نیب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں شدت کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مریم نواز کی طلبی کے نوٹس واپس لیے گئے۔

نیب کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کو 26 مارچ کو نیب تفتیشی ٹیموں کے روبرو پیش ہونے کے لیے نوٹس ارسال کیے گئے تھے، تاہم این سی او سی کی کورونا کے حوالے سے ہدایت کو پیش نظر رکھتے ہوئے پیشی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق کہ مریم نواز کی پیشی کے حوالےسے ایک ’اعلیٰ سطحی‘ اجلاس ہوا جس میں کورونا کی صورت حال کے پیش نظر اس پیشی کو مؤخر کرنے کا ’اصولی‘ فیصلہ کیا گیا ہے۔

پریس ریلیز کے مندرجات کے مطابق ’نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے ملک میں کورونا وبا کی تیسری اور شدید لہر کے حوالے سے جاری ہدایات کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ این سی او سی کی جانب سے ہر نوعیت کے ہجوم اکٹھا کرنے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے.‘

نیب نے کہا ہے کہ ’ان ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے اور مفاد عامہ کے پیش نظر نیب کی جانب سے یہ اصولی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملزمہ مریم نواز کی نیب لاہور میں کل کی پیشی ملتوی کر دی گئی ہے.‘

اس پریس ریلیز میں نئی تاریخ کا ذکر نہیں کیا گیا البتہ یہ کہا گیا ہے کہ نئی پیشی کا اعلان کسی مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ جمعرات کی صبح لاہور ہائی کورٹ نے نیب کی اس استدعا کو مسترد کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ عدالت مریم نواز کو نیب پیشی کے دوران کارکن ساتھ لانے سے روکے۔

نیب نے ایک روز قبل لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مریم نواز کا پیشی کے موقع پر اپنے ساتھ کارکنوں کو لانا غیر قانونی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے