نیا آرڈیننس جاری، 150 ارب کی ٹیکس چھوٹ ختم
پاکستان کے ٹیکس قوانین میں ترمیم کا آرڈیننس 2021 جاری کرتے ہوئے ڈیڑھ سو ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کر دی گئی ہے۔ 62 اداروں کو ٹیکس کریڈٹ کی سہولت دے دی گئی جبکہ فلم انڈسٹری کے لیے ٹیکس چھوٹ بھی واپس لے لی گئی۔
صدر عارف علوی نے ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2021 جاری کیا ہے جس کے تحت ڈیڑھ سو ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کرتے ہوئے ٹیکس قوانین میں 75 سے زائد ترامیم کی گئی ہیں۔ 62 اداروں کو ٹیکس کریڈٹ کی سہولت دے دی گئی۔ کاروباری مقامات پر این ٹی این یا بزنس کارڈ آویزاں کرنا بھی لازمی قرار دے دیا گیا۔ این ٹی این آویزاں نہ کرنے پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
ترمیمی آرڈیننس کے تحت فریش گریجویٹس کو حاصل ٹیکس چھوٹ بھی واپس لے لی گئی۔
آرڈیننس کے تحت پی سی بی سمیت کھیلوں کی تمام تنظیموں کی ٹیکس چھوٹ ٹیکس کریڈٹ میں تبدیل کر دی گئی۔ فلم انڈسٹری کے لیے ٹیکس چھوٹ بھی واپس لے لی گئی۔
شوکت خانم میموریل ٹرسٹ، شریف ٹرسٹ، عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کو حاصل ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی۔ آرڈیننس فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

