ڈی جی آئی ایس آئی کے بھائی کی ترقی، انگریزی روزنامے نے خبر ہٹا دی
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں نوائے وقت گروپ کے انگریزی زبان کے روزنامے ’دی نیشن‘ نے انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ جنرل فیض حمید کے بھائی کی ترقی کی خبر اپنی ویب سائٹس سے ہٹا دی ہے۔
اخبار نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 21 مئی کی اشاعت میں چکوال میں ایک انتظامی ترقی کے بارے میں خبر شامل کی گئی۔ ’بعض افراد نے اس ترقی کو ضلع میں خاندانی رشتہ دار سے جوڑنے کی غلط کوشش کی۔ خبر نیک نیتی سے شائع کی گئی تھی اور اس طرح کا کوئی بھی تاثر بے بنیاد ہے۔‘
واضح رہے کہ ’دی نیشن‘ کے علاوہ چکوال کے مقامی اخبارات نے بھی سردار نجف کے نائب تحصیلدار بننے اور ان کے گھر ترقی پر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھنے کی خبر شائع کی تھی۔
کمشنر راولپںڈی نے چکوال میں تعینات گرداور سردار نجف کو گزشتہ ہفتے نائب تحصیلدار کے عہدے پر ترقی دی تھی۔
سردار نجف کے گھر محکمہ مال کے اہلکاروں اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد ان کو مبارکباد دینے کے لیے پہنچی جس کی تصاویر ڈیلی چکوال نامہ میں شائع ہوئیں۔
چکوال نامہ کے مطابق سردار نجف حمید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرٹ کو یقینی بنائیں گے۔‘