لبیک مذہبی نہیں عسکری تنظیم، سختی سے نمٹیں گے: حکومت
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک لبیک سےایک عسکریت پسند تنظیم کے طور پر نمٹا جائے گا۔
بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’تحریک لبیک مذہبی تنظیم نہیں عسکری تنظیم ہے۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ ’ریاست کے صبر کی بھی حد ہوتی ہے۔ کالعدم ٹی ایل پی نے وطیرہ بنا لیا ہے کہ کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر سڑکوں کو بلاک کر دیتی ہے، یہ سلسلہ مزید برادشت نہیں کیا جائے گا۔‘
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’منگل کو سول اور عسکریت قیادت کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ریاست کی رِٹ چیلنج کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔‘
ان کے مطابق’اب ٹی ایل پی کو ایک عسکریت تنظیم کے طور پر ٹریٹ کیا جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کالعدم ٹی ایل پی پہلے بھی چھ بار ایسا تماشا لگا چکی ہے تاہم ریاست نے صبر کا مظاہرہ کیا۔‘
فواد چوہدری کے مطابق ’ٹی ایل پی کو انڈین سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے سپورٹ مل رہی ہے، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘