انڈین فوج پر منی پور کے عسکریت پسندوں کا حملہ، کرنل سمیت چھ ہلاک
Reading Time: < 1 minuteانڈیا کی ریاست منی پور میں ایک مسلح حملے میں فوج کے ایک کرنل، ان کی اہلیہ اور بیٹا مارے گئے جبکہ حملے میں تین فوجی اہلکاروں کی بھی ہلاکت ہوئی ہے۔
انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’چوراچندر پور ضلعے میں آسام رائفلز کے قافلے پر بزدلانہ حملہ انتہائی تکلیف دہ اور قابل مذمت ہے۔ قوم نے اس حملے میں 46 آسام رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر سمیت پانچ سپاہی اور خاندان کے دو افراد کھو دیے ہیں۔‘
میانمار کی سرحد کے قریب ہونے والا یہ حملہ حالیہ برسوں میں شدید ترین ہے۔
ریاست منی پور کے وزیراعلیٰ این برین سنگھ نے انڈین خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ اس حملے میں ایک کمانڈر سمیت کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اور پیراملٹری فورسز عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ رہی ہیں۔