پاکستان میں شہری کے قتل پر سری لنکن حکومت کو دکھ اور تشویش
Reading Time: < 1 minuteسری لنکا کے وزیراعظم اور صدر نے پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں اپنے شہری کے قتل پر شدید دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔
سنیچر کو سری لنکن وزیراعظم اور صدر نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں موجود سری لنکن ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجاپکسا نے اپنے ٹوئٹر بیان میں سیالکوٹ میں اپنے شہری پرینتھا کمارا کی ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کو ہولناک واقعہ قرار دیا ہے۔
ٹویٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میری ہمدردیاں ہلاک ہونے والے سری لنکن شہری کی بیوہ اور فیملی کے ساتھ ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’سری لنکا اور اس کے عوام یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔‘
سری لنکا کے صدر گوتابایا راجاپکسا نے بیان میں سیالکوٹ واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ’وزیراعظم پاکستان عمران خان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’انہیں توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں موجود سری لنکن ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔‘
سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن شہری کی ہلاکت پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔