سائنس اور ٹیکنالوجی

سپیس سٹیشن کو سیٹلائٹ سے خطرہ، چینی صارفین کا ایلون مُسک پر غُصہ

دسمبر 29, 2021 2 min

سپیس سٹیشن کو سیٹلائٹ سے خطرہ، چینی صارفین کا ایلون مُسک پر غُصہ

Reading Time: 2 minutes

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی بین الاقوامی کمپنی ٹیسلا کے ارب پتی مالک ایلون مسک کو چین میں انٹرنیٹ صارفین کی شدید تنقید کا سامنا ہے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹیسلا کے مالک کی شہرت کو چین میں اس وقت دھچکا لگا جب بیجنگ نے بتایا کہ چینی سپیس سٹیشن تیانگونگ کو ایلون مسک کے سپیس ایکس سٹارلنک سیٹلائٹس سے خطرہ لاحق ہوا تھا۔

چینی سوشل میڈیا صارفین نے بیجنگ کے بیان کے بعد ایلون مسک اور ان کی کمپنی ٹیسلا کے خلاف ہیش ٹیگ شروع کیا جس کو منگل کی صبح تک آٹھ کروڑ 70 لاکھ افراد نے استعمال کیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’کیا المیہ ہے کہ چینی شہری ٹیسلا سے خریداری کر کے مسک کو بڑی رقم دیں تاکہ وہ سٹارلنک لانچ کرے اور پھر اس سے چین کے سپیس سٹیشن کو تباہ کر دے۔‘
ایک اور صارف نے کہا کہ ’ٹیسلا کے بائیکاٹ کی تیاری کریں۔‘

اقوام متحدہ کی سپیس ایجنسی کو جمع کرائی گئی چینی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ تیانگونگ کے عملے نے اپنے سپیس سٹیشن کو ایلون مسک کے سیٹلائٹ سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے۔

چین کے مطابق سپیس ایکس کے سیٹلائٹ تیانگونگ سٹیشن سے دو بار ٹکرانے کو پہنچے اور یہ واقعات رواں برس جولائی اور اکتوبر میں پیش آئے۔

خیال رہے کہ چین ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کی الیکٹرک کاروں کی ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے جہاں صارفین کی بڑی تعداد ان کو پسند کرتی ہے۔

دستاویز کے مطابق دونوں مواقع پر ایلون مسک کی سیٹلائٹس مدار میں داخل ہوئیں جس کے باعث چینی سپیس سٹیشن کے آپریٹرز کو فوری طور پر جگہ تبدیل کرنا پڑی۔

بیجنگ نے کہا ہے کہ ’جگہ تبدیل کرنے کی سٹریٹیجی نامعلوم رہی اور مدار میں ہونے والی غلطیوں کا تخمینہ لگانا نہاہت مشکل کام ہے۔‘

چینی سپیس سٹیشن تیانگونگ جس کے نام کے معنی ’آسمانی محل‘ کے ہیں، کو خلائی ٹیکنالوجی میں چین کی اہم پیشرفت سمجھا جاتا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے