عالمی خبریں

یوکرین تنازع: روسی صدر پر امریکہ کی براہ راست پابندیوں کی دھمکی

جنوری 27, 2022 < 1 min

یوکرین تنازع: روسی صدر پر امریکہ کی براہ راست پابندیوں کی دھمکی

Reading Time: < 1 minute

امریکہ نے روس کو خبردار کیا ہے کہ یوکرین پر حملے کی صورت میں اس پر سخت پابندیاں لگا دی جائیں گی جن میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کو ذاتی طور پر ہدف بنانے کے اقدامات بھی شامل ہوں گے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ یوکرین پر حملہ کرنے کے خطرناک نتائج ہوں گے جو دنیا کو تبدیل کر دیں گے۔

جو بائیڈن نے مزید کہا کہ وہ صدر پوتن پر براہ راست پابندیاں عائد کرنے پر غور کریں گے۔

صحافی نے امریکی صدر جو بائیڈن سے پوچھا کہ کیا پابندیوں میں روسی صدر کو بھی ہدف بنایا جائے گا، جن پر مخالفین بہت بڑی خفیہ دولت رکھنے کا الزام لگاتے ہیں؟

اس پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’جی، میں اس کو دیکھوں گا۔‘

ایک سینیئر امریکی حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ اگر روس نے یوکرین پرحملہ کیا تو اس پر لگائی جانے والی معاشی پابندیاں ان پابندیوں کی نسبت ’بہت دور رس نتائج کی حامل‘ ہوں گی جو 2014 میں روس پر لگائی گئی تھیں۔

عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں کو بتایا کہ نئے اقدامات میں مصنوعی ذہانت میں استعمال ہونے والے ہائی ٹیک امریکی آلات پر پابندی کے علاوہ کوانٹم کمپیوٹنگ اور سپیس کے شعبوں میں استعمال ہونے والے آلات کی برآمدات پر پابندیاں شامل ہوں گی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے