’ٹک ٹاک اور پب جی نوجوانوں کو بھٹکا رہی ہیں‘، طالبان نے پابندی عائد کر دی
Reading Time: < 1 minuteافغانستان پر کنٹرول رکھنے والے طالبان نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک اور شوٹنگ گیم پب جی پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق طالبان نے جمعرات کو پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایپس افغانستان کے نوجوانوں کو سیدھے راستے سے بھٹکا رہی ہیں۔
ڈاؤن لوڈنگ ڈیٹا پر نظر رکھنے والی ٹیکنالوجی فرمز کے مطابق ٹک ٹاک اور پب جی ایپس افغانوں میں مقبول ہیں۔
طالبان کے گزشتہ سال اگست میں اقتدار میں آنے کے بعد افغان شہریوں کے پاس تفریح کے بہت کم ذرائع رہ گئے ہیں.
طالبان نے موسیقی، فلموں اور ٹی وی ڈراموں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
طالبان کی کابینہ نے پابندی کا اعلان کرتےہوئے اعلامیہ جاری کیا کہ ’یہ ایپس نوجوانوں کو سیدھے راستے سے بھٹکا رہی ہیں اور وزارت ٹیلی کمیونیکیشن کو انہیں بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔‘
کابینہ نے وزارت کو ٹی وی چینلز پر ’غیر اخلاقی مواد‘ نشر کرنے سے روکنے کا بھی حکم دیا ہے، اگرچہ خبروں اور مذہبی مواد کے علاوہ شاذ و نادر ہی کچھ اور نشر کیا جاتا ہے۔
اگرچہ طالبان نے 1996 سے 2001 تک کی اپنی پہلی حکومت کی نسبت معتدل طریقے سے حکومت کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم انہوں نے آہستہ آہستہ سماجی زندگی پر پابندیاں لگانی شروع کر دی ہیں جس سے خواتین خاص طور پر متاثر ہوئی ہیں.