چینی پولیس نے مچھر کے خون سے ڈاکو پکڑ لیا
چین کی پولیس نے دیوار پر مارے گئے خون بھرے مچھر پر تحقیق کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا جس نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔
ایک فلیٹ میں ڈکیتی کے بعد دیوار پر بھینچ کر مارے گئے مچھرکے خون سے پولیس نے اصل مجرم کا سراغ لگا لیا۔
چین کے ٓصوبے فیوجیان کے شہر فیوزاؤ کی کثیر منزلہ عمارت کے ایک فلیٹ میں چوری کی واردات ہوئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کے جائزے میں دیگر اشیا کے ساتھ دیوار پر مارےگئے ایک مچھر کو دیکھا جس کا خون بظاہر تازہ تھا۔
پولیس کے مطابق مجرم بالکونی پر چڑھ کر اپارٹمنٹ میں گھسا اور ایک رات وہاں گزاری اور اسی نے مچھر کو دیوار پر پیس دیا تھا۔ باورچی خانے میں نوڈلز اور تلے ہوئے انڈے کی باقیات بھی ملیں جبکہ چور نے اسٹور سے تکیہ اور لحاف نکالا اورجاتے وقت بستر پر چھوڑ دیا۔
ڈی این اے کا تجزیہ کیا گیا تو چائی نامی ایک شخص کا سراغ ملا جو عادی مجرم ہے اور ضمانت پر باہر تھا۔ پولیس نے اسے فوری طور پر گرفتار کیا اور تفتیش کے دوران اس نے اپنے باقی مجرم ساتھیوں کےنام بھی بتادیئے۔