کرکٹ بورڈ کی جانب سے جھنڈی دکھانے پر اظہر علی کے کیریئر کا اختتام
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کو ریٹائرمنٹ لینے پر مجبور کر دیا ہے اور وہ اب اپنا آخری میچ کراچی میں انگلینڈ کے خلاف کھیلیں گے.
وہ 96 میچز کھیل کر سات ہزار سے زائد رنز سکور کر چکے ہیں.
جمعے کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ سنیچر کو پاکستانی ٹیم کی طرف سے آخری میچ کھیلنے کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران آبدیدہ ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے اور کرکٹ کیریئر کی اچھی یادیں لے کر جا رہے ہیں۔
’جیسے ہر شروع ہونے والی چیز کو ختم بھی ہونا ہوتا ہے اور میری کوشش ہے کہ اچھے موڑ پر انٹرنیشل کرکٹ میں اپنے کیریئر کا اختتام کروں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم، ساتھی کھلاڑی اور جن کوچز کے ساتھ میں نے کام کیا ان سب سے اچھی یادیں وابستہ ہیں۔‘
اظہر علی نے واضح کیا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال کے جواب میں اظہر علی نے کہا کہ یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے، کسی نے کچھ نہیں کہا، جو انہوں نے اپنے لیے بہتر سمجھا وہی کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیم میں آنے پر انہیں خوشی ہے، غلطیاں سب سے ہو سکتی ہیں لیکن انتظامیہ کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ بہتر ٹیم سلیکٹ کریں۔
اظہر علی نے کہا کہ انہوں نے پہلے سے ہی سوچا ہوا تھا کہ وہ آخری سیزن کھیلنے جا رہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک سو ٹیسٹ میچز مکمل کرنے کی بھی ان کو کوشش تھی جو اب نہیں پوری ہو سکے گی۔

