پاکستان

سپریم کورٹ، تحریک انصاف نے محسن نقوی کا تقرر چیلنج کر دیا

جنوری 27, 2023

سپریم کورٹ، تحریک انصاف نے محسن نقوی کا تقرر چیلنج کر دیا

پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے تقرر کو چیلنج کر دیا ہے۔

جمعے کو تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے دائر درخواست میں محسن نقوی کو کام سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے مذموم مقاصد کے لیے جمہوری روایات اور اسمبلی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تقرری کا پورا عمل غیر آئینی اور عدلیہ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔

’الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو انتخابی عمل سے باہر کرنے کے لیے بدنیتی پر مبنی اقدامات کیے، اور سیاسی جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیسز میں صرف پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ دیا۔‘

تحریک انصاف کی درخواست کے مطابق ’ایک کیس میں سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر سے عام انتخابات کے انعقاد بارے پوچھا، الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ مردم شماری اور حلقہ بندیاں مکمل ہونے تک الیکشن نہیں ہو سکتے۔‘

پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا یہ بیان آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکامی کا اعتراف ہے۔

درخواست کے مطابق ’الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کی تقرری کے حوالے سے طریقہ کار کے مطابق وجوہات جاری نہیں کیں جبکہ ایک ٹی وی چینل پر بیٹھ کر فیصل واوڈا نے نگران وزیراعلٰی کا نام پہلے ہی بتا دیا تھا۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے