عالمی خبریں

جنگوں اور تنازعات سے خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوئیں: اقوام متحدہ

مارچ 8, 2023 2 min

جنگوں اور تنازعات سے خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوئیں: اقوام متحدہ

Reading Time: 2 minutes

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ جنگوں اور تنازعات کا بنیادی شکار خواتین ہیں لیکن پھر بھی سفارتی محاذوں پر ان کی نمائندگی بہت کم ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آج عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے شعبہ خواتین کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سیما باہوس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے پوری دنیا میں خواتین کے تحفظ اور حقوق کی فراہمی کے لیے کردار ادا کرے۔

منگل کو سکیورٹی کونسل میں ’خواتین، سلامتی اور امن‘ کے عنوان سے ہونے والے اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں یہ یادرکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم امن کے حوالے سے بات چیت میں کوئی زیادہ تبدیلی لا سکے ہیں اور نہ ہی ان لوگوں کی راہ روک سکے ہیں جو خواتین پر مظالم ڈھاتے ہیں۔‘

باہوس نے افغانستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں جنس کی بنیاد پر امتیاز جاری ہے اور جب سے طالبان اقتدار میں آئے ہیں ان کو عام شہریوں کی طرح زندگی گزارنے سے روک دیا گیا ہے۔

’ان کے یونیورسٹیوں اور پارکس میں جانے پر پابندی لگائی گئی ہے جبکہ ملازمتوں سے بھی ہٹایا گیا ہے۔‘
ان کے مطابق ’افغانستان خواتین کے حقوق دبانے کی بڑی مثالوں میں سے ایک ہے تاہم یہ صرف ایک نہیں ہے۔‘

یوکرین اور روس کی جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے باہوس نے کہا کہ جنگ کی وجہ سے جن 80 لاکھ یوکرینی باشندوں کو ملک چھوڑنا پڑا ان میں سے 90 فیصد خواتین اور بچے ہیں جبکہ جو لوگ اپنے ملک کے اندر ہی بے گھر ہوئے ان میں بھی 70 فیصد خواتین ہیں۔

’امن ہی واحد حل ہے جس میں خواتین کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔‘

انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ 2000 میں منظور ہونے والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تاریخی قراردادوں کے مطابق کام کریں۔ جن میں تنازعات کے حل اور خواتین کے حقوق پر زور دیا گیا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے