کھیل

مسلسل چوتھی فتح، پاکستانی ٹیم ون ڈے میں پہلے نمبر پر

مئی 6, 2023 2 min

مسلسل چوتھی فتح، پاکستانی ٹیم ون ڈے میں پہلے نمبر پر

Reading Time: 2 minutes

پاکستان نے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے چوتھے مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے ہرا دیا ہے اور مسلسل چوتھی فتح اپنے نام کر لی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل چار فتوحات کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ون ڈے کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئی ہے۔

جمعے کو نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مہمان ٹیم کو 335 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ نے 335 رنزکے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گری۔ ول ینگ 15 رنز بنانے کے بعد محمد وسیم کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

اسی طرح ٹام بلنڈل بھی 23 رنز سکور کرنے کے بعد حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ڈیرل مچل بھی 34 رنز پر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد کپتان ٹام لیتھن نے 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ مارک چیپ مین نصف سینچری کے قریب پہنچے اور 46 رنز بنائے تو انہیں اسامہ میر نے بولڈ کر دیا۔

جیمز نیشم ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ حارث رؤف نے انہیں 11 رنز پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ اسی طرح کول میکونچی نے آٹھ رنز ہی بنائے تھے کہ محمد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اِش سوڈھی بھی صرف نو رنز ہی بنا سکے تھے کہ اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ میٹ ہینری بھی چار رنز کے بعد اسامہ میر کا شکار بنے۔ بلیر ٹکنر چھ رنز کے بعد محمد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

پاکستانی بولرز اسامہ میر نے چار، محمد وسیم نے تین، حارث رؤف نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گئی۔ فخر زمان 14 رنز بنا کر میٹ ہینری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد شان مسعود نے 44 رنز سکور کیے لیکن وہ اِش سوڈھی کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے۔

محمد رضوان اس میچ میں محض 24 رنز ہی بنا سکے اور رن آؤٹ ہو گئے۔ آغا سلمان نے 46 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد وہ میٹ ہینری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

افتخار احمد نے 28 رنز بنائے لیکن وہ بھی میٹ ہینری کا شکار بن گئے۔ کپتان بابر اعظم 117 گیندوں پر 107 رنز بنا کر ایک روزہ میچز میں تیز ترین 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

28 سالہ بیٹر نے نے 99 ایک روزہ میچز کی 97 اننگز کھیل کر یہ رکارڈ اپنے نام کیا اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے 104 میچز کی 101 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔ انہیں اس میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کو پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری ایک روزہ میچ اتوار کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے