پاکستان

مستونگ میں میلاد کے جلوس کے قریب خودکش دھماکہ، 52 ہلاک

ستمبر 29, 2023

مستونگ میں میلاد کے جلوس کے قریب خودکش دھماکہ، 52 ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بارہ ربیع الاول کے موقع پر جلوس کے لیے جمع ہونے والوں کے قریب ایک دھماکے میں کم از کم 52 افراد ہلاک جبکہ 40 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بیان میں کہا کہ زخمیوں کی تعداد 40 تک ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے خون کے عطیات کی اپیل کی جبکہ کوئٹہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جا چکی ہے۔

نجی نیوز چینلز کے مطابق جمعے کو مستونگ کی ضلعی انتظامیہ نے ایک بیان میں بتایا کہ دھماکے میں ایک ڈی ایس پی بھی جان سے گئے۔

ایس ایچ او مستونگ سٹی جاوید لہڑی کے مطابق دھماکہ الفلاح روڈ پر مسجد کے قریب ہوا۔

جان اچکزئی کے مطابق تمام قانون نافذ کرنے والے محکموں کے اہلکار اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی فورس اور ایمبولینس موقع پر موجود ہیں۔

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات نے لکھا کہ ’بیرونی آشیرباد سے عناصر بلوچستان کا امن اور مذہبی ہم آہنگی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ مستونگ میں دہشت گرد حملے کی پرزور مذمت کی جاتی ہے۔ ’اس حوالے سے مزید تفصیلات پریس کانفرنس میں بتائیں گے۔‘

جان اچکزئی نے کہا کہ وزیراعلٰی میر علی مردان نے واقعے کے پیچھے ماسٹر مائنڈ اور اس کے ساتھیوں کو قانون کے شکنجے میں لانے کے لیے سکیورٹی محکموں کو ہدایت جاری کی ہے۔ ’بلوچستان حکومت زخمی ہونے والے افراد کو مکمل علاج معالجے کی سہولت دے گی۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے