بارش اور فخر زمان کے فلک شگاف چھکے، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا
Reading Time: 2 minutesآئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے 35 ویں میچ میں بارش کے باعث پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی ہے۔
بنگلورو میں کھیلے جانے والے میچ میں سنیچر کو نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 402 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستانی اوپننگ بیٹر فخر زمان کیوی بولرز پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے۔
فخر زمان نے 63 گیندوں پر سینچری سکور کی اور میچ کے اختتام پر 81 گیندوں پر 126 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
فخر زمان نے اپنی اننگز میں 11 چھکے اور چھ چوکے لگائے۔
بنگلہ دیش کے خلاف دھواں دار بیٹنگ، ’ایم ایس دھونی ہمیشہ فخر زمان کو کھلاتے‘
فخر زمان کی شاندار سینچری، میچ بارش کے باعث روک دیا گیا
یہ کسی بھی پاکستانی بیٹر کی ون ڈے ورلڈ کپ میں تیز ترین سینچری ہے۔
اس سے قبل گرین شرٹس کی جانب سے عمران نذیر نے 2007 کے آئی سی سی ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف 95 گیندوں پر سینچری سکور کی تھی۔
فخر زمان نے ورلڈ کپ کی ایک اننگز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی بنا ڈالا ہے جبکہ اُنہوں نے رواں برس نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی چوتھی سینچری بھی مکمل کی.
فخر زمان ورلڈ کپ کے ایک میچ میں دس سے زائد چھکے مارنے والے دنیا کے چوتھے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل انگلینڈ کے سابق کپتان ایئن مورگن 2019 کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف ایک اننگز میں 17 چھکے لگا چکے ہیں۔
اسی طرح ویسٹ انڈیز کے سابق بیٹر کرس گیل نے 2015 کے ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف 16 چھکے مارے تھے جبکہ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل بھی 2015 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک اننگز میں 11 چھکے لگا چکے ہیں۔