پاکستان

یوتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے، ممی ڈیڈی والی نہیں: نواز شریف

فروری 2, 2024

یوتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے، ممی ڈیڈی والی نہیں: نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی اصل یوتھ ان کی جماعت کے ساتھ ہے.

جمعے کو فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ پاکستان کے نوجوان ن لیگ کے ساتھ ہیں۔

ن لیگی قائد نے کہا کہ ’کہتے ہیں کہ یوتھ کسی اور کے ساتھ ہے، یوتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے، ممی ڈیڈی والی نہیں، اصل یوتھ، اصل پاکستانی یوتھ ن لیگ کے ساتھ ہے۔‘

نواز شریف نے فیصل آباد میں اورنج لائن ٹرین کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا یہ مجمع فیصل آباد میں اورنج لائن دیکھنا چاہتا ہے؟ شہباز شریف نے آپ کو میٹرو پر ٹرخا دیا، لیکن فیصل آباد میں اورنج لائن بھی ہونی چاہیے، ہم فیصل آباد کے لیے اورنج لائن منصوبہ لائیں گے۔‘

مسلم لیگ ن کے قائد نے پاکستان پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک کروڑ نوکری دینے کا وعدہ کرنے والوں نے ایک نوکری نہ دی، وہ دھرنے کر رہے تھے اور ہم دہشت گردی کا خاتمہ کر رہے تھے۔‘

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہم وہ زمانہ واپس لائیں گے جب مہنگائی نہیں تھی، روٹی چار روپے اور چینی 50 روپے والا زمانہ واپس لائیں گے، ہمارے دور میں چینی 50 روپے کلو اور پیٹرول 65 روپے لیٹر تھا۔‘

انہوں کہا کہ ’کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں دیں گے اور کسی کو نہیں ملی، یہاں ہر بندے کے پاس روزگار ہونا چاہیے، شہباز شریف صاحب، پانچ سال بعد یہاں کوئی بے روزگار نظر نہیں آنا چاہیے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے