پاکستان

آئی ایم ایف قرض دینے سے قبل پاکستانی الیکشن کا آڈٹ کرائے: عمران خان

فروری 22, 2024

آئی ایم ایف قرض دینے سے قبل پاکستانی الیکشن کا آڈٹ کرائے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ عمران خان بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خط لکھیں گے جس میں اس بات پر زور دیا جائے گا کہ وہ پاکستان سے بات چیت سے قبل ملک میں آٹھ فروری کو ہونے والے ’متنازع انتخابات‘ کے ایک آزادانہ آڈٹ کا مطالبہ کرے۔

جمعرات کو اڈیالہ جیل سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ’عمران خان کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں ہم واضح طور پر کہیں گے کہ اگر آئی ایم ایف نے پاکستان سے بات چیت کرنی ہے تو پہلے وہ یہ واضح کر دے کہ جتنے حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے، ان حلقوں کا آڈٹ ہو۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایک آزاد آڈٹ ٹیم بیٹھے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نہیں۔ یہ آڈٹ ٹیم اگر سپریم کورٹ کی سربراہی کے تحت بنائی جائے تو بہت اچھا ہے، لیکن اس میں عدلیہ کا حصہ ضرور ہو۔ اور وہ آڈٹ کے بعد وہ فیصلہ کرے کہ جہاں جہاں دھاندلی ہوئی ہے اور وہاں جو جو امیدوار جیتے ہیں ان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کرے۔ اس کے بعد آئی ایم ایف آگے کوئی بات چیت کرے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر آڈٹ نہیں ہوتا یہ جو دھاندلی ہے اسے ختم نہیں کیا جاتا تو پھر آئی ایم ایف کا قرضہ دینے کا کوئی بھی اقدام پاکستان کے لیے نقصان دہ ہو گا۔‘

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں چیئرمین کے عہدے کے لیے علی ظفر ہمارے امیدوار ہوں گے۔
جمعرات کو بیرسٹر گوہر علی خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج بھی (عمران خان سے) ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کے تیزی کے ساتھ ہونے والے فیصلوں کو ساری دنیا نے دیکھا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کا جیل میں ہونا ’غیرقانونی اور غیرآئینی‘ ہے۔
’پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹ کا حصہ بنے گی اور آگے بڑھے گی۔ جن کے پاس حق حکمرانی نہیں ہے وہ غاصب کے طور پر کرسیوں پر بیٹھے گے۔‘

بیرسٹر گوہر خان کا مزید کہنا تھا کہ تین مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن ہوں گے اور سید علی ظفر ہمارے امیدوار ہوں گے۔ ہم نے اپنے امیدواروں سے کہا تھا کہ دو عہدوں پر الیکشن نہ لڑیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے