پاکستان

صدر نے منظوری نہ دی، قومی اسمبلی کا اجلاس طلب

فروری 28, 2024

صدر نے منظوری نہ دی، قومی اسمبلی کا اجلاس طلب

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بغیر پارلیمان کا پہلا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے بدھ کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے،اجلاس آرٹیکل 91 کی سب کلاز 2 کے تحت طلب کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’وزارت پارلیمانی امور نے آگاہ کیا ہے کہ وزیراعظم نے وزارت قانون سے قانونی رائے لینے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے آئین کے آرٹیکل 91 کے شق دو کے تحت انتظامات کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس لیے آگاہ کیا جاتا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات 29 فروری دن 10 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔‘

قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔

اس سے قبل پیر کو صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری اعتراض لگا کر واپس بھیج دی تھی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہوگا۔ پہلے سیشن میں سپیکر قومی اسمبلی نومنتخب ارکان قومی اسمبلی سے حلف لیں گے۔

حلف برداری کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے