رؤف حسن سمیت دس ملزمان دو روزہ ریمانڈ پر، پی ٹی آئی کی کتنی خواتین پکڑی گئیں؟
Reading Time: 2 minutesاسلام آباد کی مقامی عدالت نے تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن سمیت دس افراد کو تفتیش کے لیے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کر دیا ہے جبکہ دو گرفتار خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پی ٹی آئی کی دو خواتین سمیت 12 ملزمان کو ایف آئی اے نے ریمانڈ کے لیے پیش کیا۔
ان ملزمان کو گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ میں واقع تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹریٹ سے حراست میں لیا گیا تھا۔
عدالت میں ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے رؤف حسن اور دیگر ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ڈیوائسز برآمد کرنی ہیں۔ ’ایف آئی اے کے کیس میں 30 روز تک جسمانی ریمانڈ دیا جا سکتا ہے۔‘
تحقیقاتی ایجنسی کے پراسیکیوٹر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈیوائسز ملیں گی تو تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے گا۔
رؤف حسن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے وکیل علی بخاری اور لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ رؤف حسن اور دیگر کی گرفتاری کا وقت ہی غلط بتایا گیا ہے اور یہ گرفتاریاں ملک کی بڑی سیاسی جماعت کے مرکزی دفتر سے کی گئیں۔
عدالت نے ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر اور پی ٹی آئی کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا اور دس ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفتیش کے لیے حوالے کیا جبکہ دو خواتین ملزمان کو جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
پیر کو اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے مرکزی دفتر پر چھاپے میں وہاں سے ریکارڈ بھی قبضے میں لیا گیا تھا۔
پولیس اہلکاروں نے مختصر وقت کے لیے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کو بھی تحویل میں لیا تاہم بعد ازاں اُن کو گھر جانے دیا گیا۔