لاہور میں گینگ وار میں شدت، بالاج قتل میں نامزد طیفی بٹ کا بہنوئی ہلاک
Reading Time: 2 minutesبالاج ٹیپو کے قتل کے بعد لاہور میں گینگ وار نے شدت اختیار کر لی ہے.
نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے امیر بالاج کے قتل میں نامزد طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ ہلاک جبکہ اُن کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق پیر کی دوپہر شہر میں ایف سی انڈر پاس کے قریب دو موٹرسائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں طیفی بٹ کا بہنوئی جاوید بٹ کی موت واقع ہو گئی۔
بالاج ٹیپو قتل کے ملزم اشتہاری قرار، ’پولیس تعاقب میں بیرون ملک بھی جائے گی‘
پولیس حکام نے بتایا کہ ’ممکنہ طور پر دو نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو قتل کیا ہے۔‘
پولیس کے مطابق گاڑی میں جاوید بٹ کی اہلیہ ثمینہ بٹ بھی موجود تھیں جو گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئیں جبکہ کار میں ماں بیٹی کے ساتھ موجود کم عمر بیٹی محفوظ رہی۔
پولیس کے مطابق مقتول جاوید بٹ کی بیٹی کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مقتول جاوید بٹ اقبال ٹاؤن کا رہائشی تھا۔
واقعے کے بعد جاوید بٹ کے فیملی ممبران بھی موقع پر پہنچے۔ پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ جاوید بٹ کے اہل خانہ لاش اہلکاروں کے حوالے کرنے اور پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے راضی نہیں تھے تاہم افسران کی یقین دہانی پر مقتول کی لاش کو ایمبولینس کے ذریعے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مقتول کے بیٹے اور اہل خانہ نے کسی بھی قسم کا بیان دینے سے گریز کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے کی کڑیاں کچھ عرصہ قبل قتل کیے گئے انڈر ورلڈ کے ٹیپو کے بیٹے امیر بالاج کے معاملے سے مل رہی ہیں۔
بالاج ٹیپو کے قتل کا مقدمہ طیفی بٹ کے خلاف درج کیا گیا تھا۔