ترسیلاتِ زر میں اضافے کا نیا ریکارڈ، ایک ماہ میں 4 ارب ڈالر موصول
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں زرمبادلہ کے ملکی ذخائر میں جاری مالی سال کے آغازسے اب تک مجموعی طور پر 1.75 ارب ڈالرکا اضافہ ہوا۔
حکام کے مطابق گزشتہ ماہ مارچ میں ریکارڈ چار ارب 10کروڑ ڈالر ملک بھیجے گئے.
سٹیٹ بینک نےکہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر زرمبادلہ کے ملکی ذخائر کا حجم 13.95 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جس میں ایس بی پی کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 9.39 ارب ڈالر اور بینکوں کے پاس 4.60 ارب ڈالر تھا۔
گزشتہ ماہ ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور اوورسیز نے چار ارب 10 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے جو گزشتہ سال اسی ماہ کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں پہلی مرتبہ کسی بھی ایک ماہ میں 4 ارب ڈالر کی حد عبور کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ’سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔‘
گزشتہ ہفتے کے اختتام پر زرمبادلہ کے ملکی ذخائر کا حجم 15.75 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جس میں سٹیٹ بینک کے ذخائر کاحجم 10.69 ارب ڈالر اور بینکوں کے پاس 5.05 ارب ڈالر ہے۔
جاری مالی سال کے آغازسے اب تک سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرمیں مجموعی طور پر1.31 ارب ڈالر اوربینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 446 ملین (44 کروڑ 60 لاکھ) ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔