پاکستان تیار ہے، ہم جنگجو قوم ہیں انڈیا نہیں: وزیر داخلہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اُن کا ملک انڈیا سے زیادہ جنگ کے لیے تیار ہے۔
سنیچر کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سوال کے جواب میں پاکستانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ’ہم اُن سے زیادہ جنگ کے لیے تیار ہیں، ہم جنگجو قوم ہیں وہ (انڈینز) جنگجو قوم نہیں۔ ہماری تو ضرورت پڑی تو ایک ایک بندہ (کرائم رپورٹرز) جو اس کمرے میں موجود ہے لڑنے کے لیے چلا جائے۔‘
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’پچھلے تین دنوں سے انڈین ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی کروانے کی کوشش میں ہیں۔ ہم سات آئی ای ڈیز پچھلے تین دنوں میں برآمد کر چکے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم کشمیر کے پہلگام واقعے کے ساتھ جعفرآباد واقعے کی بھی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جعفرآباد واقعے میں کہاں سے ہدایات آ رہی تھیں اور کون چلا رہا تھا ہمارے پاس تمام شواہد موجود ہے۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں آپریشن سے دہشتگردوں کے پاؤں اکھڑ رہے ہیں اسی وجہ سے کے پی کی بجائے دوسرے محاذ پر لڑائی شروع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
’کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں۔ انڈیا کے پاس پاکستان کے اس دہشتگرد حملے میں ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں۔‘