عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے ملزم نوید کو عمرقید کی سزا
Reading Time: 2 minutesپنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد میں فائرنگ کرنے کے مرکزی ملزم نوید کو عمرقید کی سزا سنائی ہے۔
سنیچر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد نعیم سلیم نے ملزم نوید ولد محمد بشیر پر تعزیرات پاکستان کی دفعات اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت چلائے گئے مقدمے میں مجرم قرار دیا ہے۔
اس مقدمے میں تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سمیت زخمی ہونے والے دیگر کئی متاثرین عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس کی وجہ سے اُن کی حد تک مرکزی ملزم کو سزا نہیں دی گئی۔
عدالت میں جمع کرائی گئی پولیس کی رپورٹ کے مطابق نوید کی فائرنگ سے عمران خان سمیت 11 افراد زخمی ہوئے تھے تاہم متعدد زخمیوں نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرائے اور نہ ہی بطور گواہ جج کے سامنے پیش ہوئے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق نوید کو دفعہ 302 کے تحت شہری معظم کے قتل پر عمر قید اور انسداد دہشتگردی کی دفعہ کے تحت پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے نوید کو شہریوں اریب، میر عمر فاروق، عمران یوسف اور محمد لیاقت کو زخمی کرنے کا بھی مجرم قرار دیتے ہوئے مجموعی طور پر 11 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہری اریب کو زخمی کرنے کا جرم ثابت ہونے پر نوید کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 324 کے تحت 10 سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔
مجرم کو متاثرہ شہری کو ایک لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
فیصلے میں شہری میر حمزہ کو زخمی کرنے پر بھی نوید کو 10 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
اسی طرح عمران یوسف اور محمد لیاقت کو زخمی کرنے پر بھی نوید کو دس سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔