انڈیا کا فرانس سے 630 ارب روپے کے 26 جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ
Reading Time: < 1 minuteانڈیا نے فرانس سے 26 رفال جنگی طیارے خریدنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
انڈین وزارت دفاع کے مطابق اربوں ڈالر کے اس معاہدے کے تحت فرانس انڈیا کو 22سنگل اور4 دو سیٹوں والے جنگی طیارے فراہم کرے گا۔
انڈیا نے اپنی ایئرفورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پہلے بھی فرانس سے 36 رفال جنگی طیارے خریدے تھے۔ جب یہ طیارے انڈیا کے حوالے کیے جائیں گے تو اس کے پاس ان کی کُل تعداد 62 تک پہنچ جائے گی۔
وزارت دفاع کے بیان کے مطابق انڈیا اور فرانس کی حکومتوں کے درمیان نئے معاہدے کے تحت پہلے سے موجود رفال طیاروں کے پرزے بھی فراہم کیے جائیں گے.
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اس معاہدے کی مالیت سات ارب 40 کروڑ ڈالر ہے جو انڈین روپے میں 630 ارب بنتی ہے۔
فرانس کی ایئروسپیس کمپنی دسالٹ ایوی ایشن کے بنائے گئے یہ جنگی جہاز انڈیا کی ایئرفورس کے پاس پہلے سے موجود روسی ساختہ فائٹر جیٹس مگ 29K کی جگہ لیں گے۔
انڈین وزارت دفاع کے مطابق معاہدے میں ’تربیت، سٹیمولیٹر، منسلک آلات، ہتھیار اور کارکردگی کی بنیاد پر لاجسٹکس بھی شامل ہیں۔‘
معاہدے کے تحت 22 فائٹر طیارے سنگل سیٹر ہوں گے جبکہ چار جنگی طیارے ٹوئن سیٹر ہیں۔
’اس میں انڈیا ایئرفورس کے پاس پہلے سے موجود رفال طیاروں کے لیے آلات و پرزے بھی شامل ہیں۔‘
انڈیا کی حکومت نے ان طیاروں کی خریداری کا اعلان پہلی مرتبہ سنہ 2023 میں کیا تھا جب وزیراعظم نریندر مودی فرانس کے دورے پر گئے تھے۔
فوجی شعبے میں انڈیا کے روس کے ساتھ تاریخی اور دیرینہ تعلقات ہیں تاہم حالیہ برسوں میں انڈیا نے فرانس، امریکہ اور اسرائیل سے بھی جنگی ساز وسامان خریدنے کے معاہدے کیے ہیں۔