وزیراعظم اور آرمی چیف سرحد پر ، ’پاکستان کو اپنے بہادر بیٹوں پر بے پناہ فخر ہے‘
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی کابینہ کے وزراء، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیف آف ایئر سٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کے ہمراہ انڈین سرحد کے نزدیک پسرور کنٹونمنٹ، سیالکوٹ کا دورہ کیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے ’معرکہ حق‘ کے ایک حصے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ میں بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ کارکردگی پر سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقعے پر وزیراعظم کے ساتھ وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ محمد آصف، وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی تھے۔
بیان کے مطابق ’وزیراعظم کو جنگ اور حالیہ آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔‘
وزیراعظم نے ’معرکہ حق‘ میں مسلح افواج کی مثالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے مادر وطن کا بہادری سے دفاع کیا اور دشمن کی بزدلانہ جارحیت کو فیصلہ کن انداز میں انجام تک پہنچایا۔ تاریخ یاد رکھے گی کہ کیسے چند گھنٹوں کے اندر ہماری فوج نے انڈیا کی بلااشتعال جارحیت کو بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کے ساتھ خاموش کر دیا۔‘