تحریک انصاف نے میڈیا کو الو بنا دیا
Reading Time: < 1 minuteتحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے کارناموں سے کون واقف نہیں ۔ ایک دنیا میں ان کا ڈنکا بجتا ہے ۔ دنیا جہاں کی اچھی سڑکوں کو فوٹو شاپ کے ذریعے پشاور میں دکھانے کے بعد گزشتہ رات معروف اداکارہ شبنم کا اکاؤنٹ بنا کر عمران خان کیلئے تعریفی ٹوئٹ بھی کر دیا ۔
ستر کی دہائی میں اداکارہ شبنم کے گینگ ریپ کے سزا یافتہ فاروق بندیال کو پارٹی میں شامل کرنے اور بعد ازاں سوشل میڈیا کے سخت ردعمل پر جماعت سے نکالنے پر عمران خان کو اس کے چاہنے والوں نے ایک بار پھر ‘عظیم لیڈر’ قرار دیا ۔ مگر دلچسپ مرحلہ اس وقت شروع ہوا جب ماضی کی معروف اداکارہ شبنم کا اکاؤنٹ بنا کر عمران خان کی تعریف کی گئی کہ اس نے ریپسٹ کو پارٹی سے نکالا ۔
شبنم کے اکاؤنٹ سے یہ پہلی ٹوئٹ تھی جس کے بعد ان کے فالوورز اچانک بڑھنا شروع ہوگئے ۔ صبح تک یہ تعداد دس ہزار تک پہنچ گئی تھی ۔ پاکستان کے ٹی وی چینلز اور اخبارات کی صحافت کا حال بھی اس واقعہ سے آشکار ہو گیا کہ دنیا ٹی وی اور پاکستان ٹوڈے نامی اخبار کی ویب سائٹ نے بھی شبنم کی تعریفی ٹوئٹ نشر اور شائع کی ۔ پاکستان کے بڑے میڈیا گروپ جنگ کے انگریزی اخبار دی نیوز نے بھی اپنی ویب سائٹ پر یہ خبر شائع کی مگر بعد ازاں ہٹا دی ۔
اس حوالے سے جب بنگلہ دیش کے انگریزی اخبارات کے آن لائن ایڈیشنز کو کھنگالا گیا تو ابھی تک ایسی کوئی خبر سامنے نہیں آئی کہ اداکارہ شبنم کو عمران خان کی پارٹی میں فاروق بندیال کی شمولیت یا نکالے جانے کا علم ہوا ہو ۔